پی ایس ایل تھری کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد

صحرائے عرب میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد ایونٹ کے پہلے میچ کا آغاز ہوگیا۔

چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کیلیے بے تاب شائقین کا انتظارختم ہوا، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا۔ ایونٹ کی رنگا رنگ  افتتاحی تقریب میں گلوکاروں عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے اور امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

تقریب میں پاکستان کے ثقافتی رنگ بھی نمایاں تھے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا بعدازاں  پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے ایونٹ کا پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان شروع ہوا۔

ملتان سلطان کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی کو ان فارم اوپنر کامران اکمل کی خدمات بھی حاصل ہیں، وکٹ کیپر بیٹسمین دوسرے سیزن میں  353 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔

ادھر تجربہ کار محمد حفیظ کے ساتھ تمیم اقبال اور حارث سہیل بیٹنگ کو استحکام دینے کیلیے موجود ہیں، ڈیوائن براوو جیسا آل راؤنڈر بھی میسر ہے تاہم شکیب الحسن کی انجری کی وجہ سے باہر ہونے پر پشاور ٹیم کو مسائل ہوسکتے ہیں۔ شاہد آفریدی بھی اس بار کراچی کنگز کو جوائن کرچکے ہیں، وہاب ریاض، کرس جورڈن بولنگ میں ٹیم کیلیے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حسن علی کی ابتدائی میچزمیں شرکت مشکوک ہونا بھی پشاور کیلیے پریشانی کا باعث ہے، ان کے کور کے طور پر عمید آصف کواسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ حریف ٹیم ملتان سلطانز کو ڈائریکٹر کی صورت میں وسیم اکرم جیسے عظیم کرکٹرز کی رہنمائی حاصل ہے۔

گزشتہ دو سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک اس نئی فرنچائز کی قیادت کرینگے، گذشتہ دو ایونٹس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بہتر پرفارم کرنے والے احمد شہزاد بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، کمار سنگاکارا، صہیب مقصود اور ڈیرن براوو بیٹنگ کے ستون ہوں گے ، باصلاحیت آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کی خدمات بھی میسر ہیں جب کہ جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر یواے ای کی کنڈیشنز میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں جمعہ کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جبکہ اسی روز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا بھی ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ 24 فروری کو پشاور زلمی کے مقابل ہوگی جب کہ ہفتے کوہی دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین ہوگا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 دبئی اور شارجہ جبکہ 3 پاکستان میں کھیلے جائیں گے،2 پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دریں اثنا پہلے میچ سے قبل پاکستان اور یواے ای میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، دبئی میں افتتاحی تقریب اور میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، جنرل، انٹرنیشنل کے ساتھ پریمیئم ویسٹ اور ایسٹ اسٹینڈز کا بھی کوئی ٹکٹ باقی دستیاب نہیں رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں