محمد علی سدپارہ کا عزم و ہمت بے مثال، ملک عزیز اور علاقے کو پوری دنیا میں روشناس کرانے میں انکا کارنامہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ آغا علی رضوی

سکردو – سکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ احمد علی نوری اور صوبائی وزیر ذراعت محمد کاظم میثم تنظیمی رہنماؤں ضلعی سیکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان، چیئرمین الھدا فاؤنڈیشن علی نوری و دیگر کے ہمراہ معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے لواحقین سے تعزیت کیلئے انکی رہائش گاہ پر حاضر ہوئے ، ملک عزیز اور گلگت بلتستان کو پوری دنیا میں روشناس کرانے والے کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ سکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم اور وفد نے محمد علی سدپارہ کے فرزند نوجوان کوہ پیما ساجد سدپارہ کو تعزیت پیش کی اور کہا کہ محمد علی سدپارہ اور ساتھیوں نے سخت سردی میں کے ٹو سر کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا، انکے عزم و حوصلے قابل داد و تحسین ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ واضح رہے کہ آغا علی رضوی اپنے بیان میں معروف کوہ پیما کو سول ایوارڈ سے نوازنے کا مطالبہ اٹھا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر ذراعت کاظم میثم محمد علی سدپارہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے علاقہ سدپارہ میں محمد علی سدپارہ ماونٹئیرنگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا مطالبہ صوبائی وزیر اعلی تک پہنچا چکے اور وزیر اعلیٰ کیجانب سے اس کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کرچکے ہیں۔ دریں اثناء سکردو میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او بلتستان ڈویژن کیجانب سے محمد علی سدپارہ کے نام پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیمی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے سکریٹری جنرل آغا علی رضوی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ احمد علی نوری ، ڈویژنل ڈپٹی سکریٹری جنرل شیخ علی محمد کریمی، ڈی پی آئی ایس او عامر عمران اور ضلعی سکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان نے معروف کوہ پیما کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور محمد علی سدپارہ سمیت سابق ڈویژنل صدر آئی ایس او نسیم کرار اور غازی سرور مرحوم کی بلندی درجات کیلیے فاتحہ خوانی اور دعائیں مانگی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں