عمران خان ملک کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں:سجاد نقوی

میر شکیل الرحمن کو حق گوئی کی سزا دی جارہی ہے : پرویز زیدی

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے سینئر رہنما سجاد نقوی نے کراچی میں مزار قائد پر ہونے والی صورت حال پولیس کے اعلی افسران کے ساتھ رینجر کے ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کے کم فہم سیاسی سوجھ بوجھ سے ناآشنا ساتھی ملک کو اپنی احمقانہ حرکتوں سے تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں،نیب اور ایجنسیوں کے کندھوں پر سوار پی ٹی آئی حکومت اپنی ہٹ دھرمی کے سبب عوام کی نگاہوں سے دن بدن گر رہی ہے مزارقائد پر مریم نوازکا جانا سیاسی لیڈر شپ کا معمول ہے مگر وہاں قبر کے قریب مخصوص جگہ پر ریٹائرڈ کیپٹن صفدر کا ان کے سسرِ محترم کا مخصوص سیاسی نعرہ ”ووٹ کو عزت دو“ لگانا مزار کے قوائد و ضوابط کے خلاف ہے،جرم ہے،”مادر ملت زندہ باد“ کا نعرہ بھی سمجھ سے بالا تر ہے،جبکہ چند گز کے فاصلے پر مادرملت کی قبر انھوں نے جا کر فاتحہ نہیں پڑھی۔شائد ”مادر ملت زندہ باد“سے مراد ان کے اپنے بچوں کی ماں تھی،سجاد نقوی نے مریم نواز کے اس بیان پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹونے آرمی چیف کو مخاطب کر کے رینجرز کی پولیس کے خلاف اقدام کی تحقیق کی توجہ کیوں دلائی جس کی جنرل باجوہ نے فون پر PPP کی قیادت کو یقین بھی کرائی،پاکستان پیپلز پارٹی روزِ اول سے پاک فوج کی قربانیوں کی معترف ہے مگر ایجنسیوں کی حکومتی و سیاسی مداخلت کے خلاف ہے۔اداروں کی اپنی اپنی ذمہ داریاں ہیں فوج ملک کی حفاظت اور عوامی حکومت ملک کو احسن طریقے سے چلانے کی ذمہ دار ہے،موجودہ حکومت کی نااہلی نے جہاں مہنگائی کا بازار گرم کیا ہے وہاں قومی اداروں کا وقار بھی داؤں پر لگادیا ہے،PPP جرمنی کے رہنما پرویز زیدی نے جنگ گروپ کے روح رواں میر شکیل الرحمن کی بے وجہ گرفتاری کو عمران کا ذاتی عناد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے لوگوں کو گرفتار پہلے کر لیا جاتا ہے مقدمات بعد میں بنائے جاتے ہیں خورشید شاہ ایک سال سے پابند سلاسل ہیں مگر کیس ابھی تک نہیں بنا کچھ ایسی ہی صورت حال میر شکیل الرحمن کی ہے انھیں اور ان اداروں جنگ،جیو کو حق گوئی کی سزا دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں