اوور سیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں: ڈاکٹر محمد فیصل

وزیر اعظم پاکستان عمران خان جلد جرمنی کا دورہ کریں گے

جرمنی سے PIA کی شیڈول فلائیٹس عنقریب شروع ہونگی

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)جرمنی میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات مزید بہتر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں سفیر محترم نے پچھلے روز چیرمین ہیومن ویلفیر ایسوسی ایشن جرمنی سیّد اقبال حیدر سے فون پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے پاکستان کی کسی اعلیٰ حکومتی شخصیت نے جرمنی کا دورہ نہیں کیاجس سے دونوں حکومتوں کے درمیان بڑا خلا موجود ہے جسے ختم کرنے کے لئے وزیر اعظم پاکستان جلد جرمنی تشریف لانے کا ارادہ رکھتے ہیں جرمنی کے ساتھ تعلیم،فنانسنگ،ٹیکنالوجی اوردیگر شعبوں میں کام کرنے کی بہت گنجایش موجود ہے جس پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے جیسے ہی کرونا وائیرس سے علاقائی حالات بہتر ہوتے ہیں وہ یہ کام ضرور کریں گے تاکہ جرمنی اور پاکستاں کے درمیان کاروباری و خیر سگالی روابط مزید مستحکم ہوں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اوور سیز محب وطن پاکستانیوں نے اپنی قیمتی رقوم کے علاوہ بھی ہر طرح سے ملک کی معشیت کو ہمیشہ سہار دیا ہے موجودہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو ملک کا قابل قدر سرمایہ سمجھتی ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں انتہائی سنجیدہ ہے،جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ PIA کی جرمنی سے شیڈول فلائیٹس عنقریب شروع ہونگی اس کی منصوبہ بندی پر کا م شروع ہو چکا ہے،پاکستانی کیمونٹی کے مسائل،پاسپورٹ،شناختی کارڈ،انکوائیریز اور دیگر مسائل ہمارے علم میں ہیں ہم پاکستانی کیمونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ موجودہ دنوں میں کرونا وائیریس کے باعث PIA کی خصوصی فلایٹس چلائی گئیں اور پاکستان سے 1200 سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کو جرمنی ان کے گھروں میں واپس لایا گیا اسی طرح جرمنی میں پھنسے 250پاکستانیوں اور جرمنی میں حالیہ انتقال ہونے والے کچھ پاکستانیوں کی میتوں کو وطن عزیز روانہ کیا گیا۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے پاکستانی حکومت اس پر واضع موقف رکھتی ہے ہم کشمیر کی بقا کے لئے ہمیشہ سرگرم رہیں گے۔جرمنی میں اعلیٰ تعلیم کے لئے آئے پاکستانی طالبعلموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا یہ طالبعلم جو حصول علم کے لئے یہاں آئے ہیں ہمارے ملک کا روشن مستقبل اور ہمارا اثاثہ ہیں ہم ان کے قدردان ہیں اور ان کے ساتھ ملکر ان کے مشوروں کی روشنی میں ملک کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔سفیر پاکستان ڈ اکٹر محمد فیصل نے پاکستانی کیمونٹی کو پیغام میں مزید کہا کہ جرمنی میں پاکستانی کیمونٹی کے مسائل کی آگاہی کے لئے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان سے رابطہ کیا جا سکتا وہ ہر مثبت رائے کا خیر مقدم کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں