بھارت میں امریکی سفارت خانے میں 5 سالہ بچی کیساتھ زیادتی

بھارت میں امریکی سفارت خانے کی ایک عمارت میں 5 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے الزام میں پولیس نے ایک 25 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نہایت حساس اور ریڈ زون علاقے میں واقع امریکی سفارت خانے کے ہاؤس کیپنگ اسٹاف کے رہائشی کمروں میں 5 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

متاثرہ بچی کے اہل خانہ کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 25 سالہ لڑکے کو بچوں کے ساتھ زیادتی کی دفعات کے تحت ہائی سیکیورٹی مشن سے گرفتار کرلیا ہے جس کی سزا موت بھی ہوسکتی ہے تاہم پولیس نے حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

متاثرہ بچی اور نامزد ملزم کے والد سفارت خانے کے ہاؤس کیپنگ ڈپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں اور دونوں ہی امریکی سفارت خانے کے سرکاری کوارٹر میں رہتے ہیں۔ لڑکی کے والدین کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے جب 25 سالہ لڑکے نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واپسی پر بچی نے والدین کو پوری روداد سنائی۔

واضح رہے کہ بھارت میں خواتین، بچیوں اور کم عمر لڑکوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صرف 2018 میں 34 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں