فرینکفرٹ جرمنی میں میلاد النبی کانفرنس

مقامی و مہمان نعت خواں حضرات نے ختمی ئ مرتبت ﷺ اور شانِ اہلبیت اس خوبصورت لب و لہجہ میں بیان کی کہ ہال میں موجود مرد و خواتین جھوم اٹھے

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر) ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے زیر اہتمام میلاد النبی کانفرینس کا اہتمام کیا گیا،جناب علامہ طاہر القادری کی تصویر اور مقامات مقدسہ کی تصاویر سے سجا خوبصورت اسٹیج ہال کی رونق کو دوبالا کر رہا تھا،اسٹیج پر مہمانان گرامی میں مولانا فرحت حسین شاہ ڈائیریکٹر منہاج القرآن فرینکفرٹ،فواد بھٹی اسسٹنٹ ڈائیریکٹر پاسپورٹ،فرینکفرٹ کونسلیٹ،وقاص عارف منیجر نیشنل بینک آف پاکستان،علامہ شوکت اعوان،علامہ مصطفائی پتھرولوی،رانا محمد حسین،رانا محمد عاطف،ظہیر احمد بلالی،محمد عابد معصومی تشریف فرما تھے۔ نقابت کے فرائض راجہ وحید سلطان اور فاروق قیصر نے ادا کئے قاری ابرار راجہ نے اپنے مخصوص قرآت قرآن سے ماحول کو معطر کر دیا۔ مقامی و مہمان نعت خواں حضرات نے ختمی ئ مرتبت ﷺ اور شانِ اہلبیت اس خوبصورت لب و لہجہ میں بیان کی کہ ہال میں موجود مرد و خواتین جھوم اٹھے،

منہاج القرآن کے نوجوانوں کے نمائیندہ جواد خان نے جرمن زبان میں پُراثر انداز میں تقریر کرتے ہوئے جوان بچوں کو میلادالنبی کانفرینس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوانوں کو اپنے رہن سہن اور اپنے طرز عمل سے جرمن معاشرے میں اپنا باعزت مقام بنانا ہے،اور اس طرح کی شرافت کی زندگی بسر کریں کہ لوگ ہمیں دیکھیں تو بے اختیار کہیں کہ یہ آقا حضرت محمد ﷺ کے پیروکار ہیں۔ مولانا فرحت حسین شاہ ڈائیریکٹر منہاج القرآن نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا۔میلاد پاک کی محافل کا بنیادی مقصد حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات سے آگاہی دینا ہے تاکہ آپ سے آپ کے چاہنے والوں کا عشقی تعلق قائم ہو جائے آپ صلعم ؐ کے حسن اخلاق کی معرفت نصیب ہواپنی آنے والی نسلوں کو آپ صلعم ؐکے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب دے سکیں،تاکہ یورپ کی فضا میں اپنے ایمان اپنے کردار کو اسلامی اصولوں کے تحت ڈھال سکیں،

میلاد میں ایک خاص بات یہ کی گئی کہ نبی اکرم ؐ کو پروردگار نے کل جہانوں پر رحمت بنا کر بھیجا ہے،آپ نے مسلمانوں کو پیار،محبت،اخلاق کا درس دیا ہے،ہمیں آپ کا یہی پیغام مسلمانوں ہی نہیں غیر مسلموں کو بھی پہنچانا ہے تاکہ آپس میں رحمدلی،محبت،شفقت کی فضا قائم ہو۔علامہ حافظ شوکت حسین اعوان،کوبلنز سے علامہ نوید،علامہ مصطفائی پتھرلوی نے اپنے خطاب میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر ذور دیا تاکہ وہ دیار غیر میں اسلام کی بہتر نمایندگی کر سکیں۔فرینکفرٹ کی سی ٹریول ایجنسی کے علی شیخ نے میلاد میں شرکاء میں سے قرعہ اندازی سے ایک خوش نصیب کو عمرہ کا فری ٹکٹ دینے کا اعلان کیا اور یہ ٹکٹ پانے والے وقاص عارف تھے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پُرتکلف کھانے سے ضیافت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں