اس وقت ملک کسی فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا: ڈی جی آئی ایس پی آر

مولانا فضل الرحمن سینئر سیاستدان ہیں، مولانا بتا دیں کہ وہ کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا آزادی مارچ کے دوران مولانا فضل الرحمن کے الزامات کے جواب پر کہنا ہے کہ فوج ایک غیر جانبدار ادارہ ہے۔ الیکشن کے دوران بطور ادارہ آئینی ذمہ داری پوری کی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔ اس وقت ملک کسی فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور کا کہا تھا کہ فضل الرحمن سینئر سیاستدان ہیں، مولانا بتا دیں کہ وہ کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں، فوج ایک غیر جانبدار ادارہ ہے۔ جمہوری مسائل جمہوری طریقے سے ہی حل ہونا چاہئیں۔ پاک فوج کی سپورٹ جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ 20 سال میں بہت مشکل وقت گزارا ہے، جان و مال کی قربانی دے کر ملک میں امن قائم کیا گیا ہے۔ کے پی کے کی عوام کو فلاح و بہبود کی ضرورت ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر فوج مصروف ہے۔ بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایل او سی پر دشمن معصوم کشمیریوں کو شہید کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور ظلم جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان قوم اور افواج نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، جانیں دے کر امن حاصل کیا گیا۔ الیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 2018ء کے الیکشن کے دوران پاک فوج نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی۔ ایک سال گزر گیا اپوزیشن اب بھی متعلقہ اداروں میں جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں