نواسۂ رسول حضرت امام حسین ؑ نے اسلام کی سربلندی کے لئے قربانیاں دیں:مولانا ذاکر حسین 

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)ماہ محرم کا چاند نمودار ہوتے ہی شہدائے کربلا کی یاد میں یورپ بھر میں مجالسِ عزا کا انعقاد شروع ہو گیا ہے ،پاک حیدری ایسوسی ایشن جرمنی کے زیراہتمام عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے خطاب کے لئے جناب مولانا ذاکر حسین صاحب سویڈن سے تشریف لائے ہیں،

آپ نے اس سلسلہ کی دوسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین ؑ نے اسلام کی سربلندی کے لئے قربانیاں دیں،کربلا کا زرّیں پیغام باطل کی نفی اور حق کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہوناہے میدان کربلا میں آقا، غلام،عربی عجمی ایک صف میں اسلام کی بقا کے لئے قربانیوں کے جذبے سے سرشار کھڑے تھے۔نواسۂ رسول حضرت امام حسین ؑ نے جہاں اسلام کے تحفظ کے لئے اپنے خاندان کی قربانی پیش کی وہیں اپنی عمل سے امّتِ مسلمہ کو آپس میں مذہبی رواداری، باہمی اخوت و محبت کا بھی سبق دیا ہے آج امّت مسلہ جن مسائل کا شکار ہے اس کا حل ختمی مرتبت حضرت محمد ﷺ کے فرمودات پر عمل کر کے ہی حاصل ہوگا،میدان کربلا میں خاندان رسالت اور ان کے ساتھیوں نے اپنے لہو سے اسلام کو بقا دی،کربلا کا زندہ پیغام یہ ہے کہ ہم باطل کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہو جائیں ،مظلوموں کو تحفظ دیں اور حق کی حفاظت کریں،قرآن ہمارے ہدائت کے لئے بھیجا گیا تھا،قرآن ہمارے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے مگر ہم نے اس آسمانی مقدس کتاب کو خوبصورت غلاف میں سجا کر طاق میں رکھ دیا ہے ا ور ہماری دین سے دوری کی یہی وجہ ہے،ہمیں چاہئے کہ ہر محفل اور مجلس میں ہونے والے خطاب کی روشنی میں اپنی اصلاح کریں،احکامات خداوندی پر عمل کریں گے تو ہمیں دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی نصیب ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں