سراج رئیسانی کی نماز جنازہ ادا، کل ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا

سانحہ مستونگ گہرا گھاؤ دے گیا، کوئٹہ کے موسیٰ سٹیڈیم میں سراج رئیسانی کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت، کل ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا۔

سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کی نماز جنازہ کوئٹہ کے موسیٰ سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نگران وزیراعظم ناصر الملک نے سانحہ مستونگ اور بنوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل ملک بھر میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب حکومت بلوچستان نے 2 روزہ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا ہوا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب پی بی 35 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے بھائی سراج رئیسانی خطاب کیلیے آئے، دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت سٹیج پر اور اردگرد موجود کئی کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے۔ حملے میں 131 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے۔

سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضاء سوگوار ہے، دکانیں، بازار اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔ دھماکے کے بیشتر زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں